ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کلبرگی جیل سے رہائی کے بعدجرائم پیشہ تسلیم کا اغوا اورقتل۔ بنٹوال میں کار کے اندر ملی لاش

کلبرگی جیل سے رہائی کے بعدجرائم پیشہ تسلیم کا اغوا اورقتل۔ بنٹوال میں کار کے اندر ملی لاش

Mon, 03 Feb 2020 16:56:09    S.O. News Service

بنٹوال 3/فروری (ایس او نیوز) کئی مجرمانہ معاملات میں ناک مزد ملزم تسلیم(45سال) کی لاش بنٹوال تعلقہ کے شانتی نگر علاقے میں پارک کی گئی ایک انووا کار کے اندر پائی گئی، جس کے بارے میں ابتدائی تفتیش کے دوران شبہ کیا جارہا ہے کہ کچھ دن پہلے کلبرگی جیل سے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد تسلیم کو اغواکرکے قتل کردیا گیا ہوگا۔

انووا کار میں ملی تسلیم کی لاش پر گردن اور جسم کے دیگر حصوں میں زخم پائے گئے۔ تسلیم کیرالہ کا رہنے والا تھا۔اور سمجھا جاتا ہے کہ کیرالہ کی ایک بدنام زمانہ ’ضیاء گینگ‘ سے وابستہ تھا۔اس پر کئی مجرمانہ معاملات میں مقدمات چل رہے سال 2017میں الال میں ہوئے کالیا رفیق مرڈر کیس میں تسلیم کلیدی ملزم تھا۔

2019میں منگلورو بندر علاقے میں واقع جیویلری کی دکان میں ڈاکہ زنی کیس میں اسے گرفتار کرکے کلبرگی جیل بھیج دیا گیا تھا۔ حال ہی میں اس نے ضمانت پر رہائی حاصل کی تھی، مگر اس کے بعد وہ لاپتہ ہوگیا تھااورکلبرگی پولیس اسٹیشن میں گم شدگی کی شکایت درج کی گئی تھی۔

شبہ کیا جارہا ہے کہ ایک مخالف گینگ نے جیل سے رہائی کے بعد اس کا اغوا کرکے اس کا گلا گھونٹنے کی کوشش کے بعد پیٹ میں چھرا گھونپ کر قتل کردیا ہوگا۔پھر ایک سنسان علاقے میں لاش سمیت کار کو چھوڑ کرقاتل فرار ہوگئے ہونگے۔پولیس کا گمان ہے کہ یہ جرم کسی کرایے کے قاتلوں کی ٹولی نے انجام دیا ہوگا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تسلیم کا قتل کالیا رفیق قتل معاملے میں بدلہ لینے کی کارروائی بھی ہوسکتی ہے، یا پھر کچھ اور اسباب ہوسکتے ہیں جو تحقیق کے بعد ہی سامنے آ سکتے ہیں۔

اڈپی ضلع ایس پی وشنو وردھن، ایڈیشنل ایس پی وکرم امٹے اور منگلورو ڈسٹرکٹ کرائم انٹلی جنس بیورو انسپکٹر چیلو راجو نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ بنٹوال پولیس انسپکٹر ٹی ناگراج، ٹاؤن ایس آئی اویناش اور دیگر پولیس افسران نے فنگر پرنٹ ماہرین کے تعاون سے تحقیقات شروع کردی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے وینلاک اسپتال روانہ کردیا گیا ہے۔


Share: